خانیوال (خبرنگار) بیوپاریوں سے ڈکیتی کی واردات کے دوران مارے اور زخمی ہونے والے ڈاکو بین الصوبائی گروہ کے خطرناک ڈاکو نکلے تمام ڈاکو آپس میں رشتے دار تھے یہ ڈاکو ساہیوال سے لیکر سندھ تک اپنی کار پر جی ٹی روڈ روزانہ کی بنیاد پر ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں میں گن پوائنٹ پر داخل ہوکر ڈکیتیاں کرتے تھے جن کی ایف آئی آر تک درج نہیں ہوتی تھی بیوپاریوں کی دلیری کی وجہ سے یہ ڈاکو اپنے انجام کو پہنچے پولیس ان کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام تھی۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے جائے واردات پر گفتگو میں اس واقعے کو پولیس مقابلہ بتایا جبکہ ایف آئی آر میں ایسا کوئی ذکر نہیں۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ رات گئے پتوکی سے مویشیوں کے 13بیوپاری ریاض،سجاد،عرفان،شمشاد،حسنین عباس،نعیم،نیاز احمد،فلک شیر،محمد جعفر،امانت علی،منظور،دانش،تنویر اپنے ڈالے نمبری ایل ای ایس 2021 پر بھاری رقوم لے کر بکرے خریدنے ڈھرکی سندھ جا رہے تھے کہ بیوپاریوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر حملہ کردیا۔ڈاکوؤں کی فائرنگ سے انکے اپنے دو ڈاکو شہباز ولد شفیع راجپوت سکنہ بورے والا اور ذاکر راجپوت سکنہ بورے والا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو ڈاکو اعجاز ولد منشاء سکنہ بورے والا اور ذوالفقار ولد شریف سکنہ ساہیوال شدید زخمی ہوگئے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا جبکہ ایک ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا پولیس تھانہ صدر خانیوال نے چھ ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ نمبر 156/21قتل ودیگر دفعات کے تحت درج کرلیا ہے۔
خانیوال:بیوپاریوں کے ہاتھوں مرنیوالے ڈاکو بین الصوبائی گروہ کے رکن نکلے مقدمہ درج
May 03, 2021