رمضان بازار میں غیرمعیاری‘ مہنگی اشیاء روزہ داروں سے مذاق: حمزہ 

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے رمضان میں مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے فوری حکومتی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت روزے داروں کی بد دعاؤں سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔ اپنے ایک بیان کے ذریعے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں بھی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کے نام پر غیر معیاری اشیاء کی مہنگے داموں فروخت روزے داروں سے سنگین مذاق ہے۔ پورے پاکستان بالخصوص پنجاب میں افراتفری مچی ہوئی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مہنگائی کی تلوار سے عوام کا قتلِ عام جاری ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران نیازی لیکچر بند کر کے ایسے اقدامات کریں جن سے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف مل سکے۔

ای پیپر دی نیشن