ریاض (امیر محمد خان سے) پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کی تیاریوں کے سلسلے میں ریاض پہنچ گئے ہیں۔ سعودی سفیر نے ریاض میں اپنے پاکستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سے ملاقات کی ہے۔ جس میں وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں دونوں سفراء نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ بھائی چارے، اخوت اور ہر آزمائش میں پورا اترنے والے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے سفیروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا باہمی تعلقات کو مشترکہ معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے نئی جہتوں تک پہنچایا جائے گا۔ سعودی سفیر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔