اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ایسٹ بے ایکسپریس وے گوادر منصوبے پر کام حتمی مرحلے میں ہے اور یہ منصوبہ اس سال اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چودہ اعشاریہ پانچ کلومیٹر ساحلی ایکسپریس وے پہلے ہی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی چار اعشاریہ پانچ کلومیٹر ساحلی شاہراہ زیر تعمیر ہے اور اس کا 92 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے بندرگاہ کو فری ٹریڈ زون کے دوسرے مرحلے کے ساتھ ملائے گی جس سے صنعتی زون اور بندرگاہ کو کاروباری ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔