لاہور/ کراچی/ دادو (آئی این پی)وزارت توانائی کی جانب سے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ شہریوں نے نان سٹاپ لوڈ شیڈنگ پر مظاہرہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکام وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وعدے کے مطابق اتوار سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ صفر کر دی گئی ہے۔وزارت توانائی کے حکام کے مطابق 2500 میگا واٹ سے زائد اضافی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے، عید تعطیلات اور بعد ازاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔لوڈ شیڈنگ صفر نہ ہوئی اور بعض شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں۔گاؤں دیہات میں لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کی قلت ہونے سے روزے دار سخت گرمی میں دور دراز سے پانی بھرکر لانے پر مجبور ہیں۔بجلی کی بندش سے تنگ شہریوں کی جانب سے دادو میں پریس کلب پر احتجاج کیا گیا اور دھرنا بھی دیا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ دادو اور آس پاس کے علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، حکام فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
لوڈ شیڈنگ صفر نہ ہوئی ، 18گھنٹے بجلی غائب ، شہریوں کا احتجاج
May 03, 2022