عید الفطر خوش نصیبوں کیلئے ’’یوم تقسیم انعامات ‘‘ ہے:اشرف آصف جلالی

May 03, 2022



لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ ؐکے سربراہ و تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ عید الفطر خوش نصیبوں کیلئے ’’یوم تقسیم انعامات ‘‘ ہے۔ عید الفطر کی حقیقی خوشی ایک کامل روزے دار ہی محسوس کر سکتا ہے ۔رمضان کے بعد عید کا مطلب یہ ہے جسے انسان کی مشکلات کے بعد خوشیوں سے ملاقات ہوجاتی ہے۔ یہ رب سے مانگنے اور رب کی رضا کیلئے دینے کا دن کا ہے۔یہ غریبوں سے ہمدردی اور اپنوں سے صلہ رحمی کا دن ہے۔یہ دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی بے بسی کے خاتمے اور حصول آزادی کی دعا اور اس سلسلہ کی عملی جدو جہد کے عہد کا دن ہے۔ یہ دن اسکے بعد آنے والے ایام میں شیطان کے مقابلے میں غلبہ پانے کے عزم کا دن ہے۔ عید کے دن عریانی،فحاشی اور بے حیائی کے دھندے اللہ تعالی کو ناراض کرنے کے کام ہیں۔ ایک مومن عیدکے دن فکرمند ہوتا ہے کہ کہیں رمضان بھر کی عبادت مسترد نہ کردی جائے۔ اللہ تعالی رسول اکرمؐ کے طفیل آج کے دن کو ملک و قوم کو سلامتی عطا فرمائے۔

مزیدخبریں