اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد پولیس نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذیلی ادارہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی درخواست پر مارگلہ ہلز پر بارکنگ ڈئیر کے غیر قانونی شکار میں گرفتار ملزم کو مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا۔ مجسٹریٹ نے پرچہ کی نقول کا جائزہ لینے کے بعد گرفتار شکاری کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی)کے پارک رینجرز نے معمول کے گشت کے دوران ٹریل 6 پر گھات لگائے ایک شکاری کو اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جان کو خطرے میں ڈال کر گرفتار کیا تھا۔ جس کے خلاف آئی ڈبلیو ایم بی (IWMB) کی قانونی ٹیم نے فورا قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے تھانہ مارگلہ میں بجرم دفعات AO 13/20/65506 ii ت پ،353 ت پ ،188 ت پ، 186 ت پ، ایف آئی آر کا اندراج کیا جبکہ دوسرے شکاری کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد پولیس جلد دوسرے ملزم کو گرفتار کر لے گی۔ ادھر IWMB انتظامیہ کے مطابق مارگلہ ہلز نیشنل پارک جو کہ قانونا محفوظ کیا گیا قومی پارک ہے میں آگ بھڑکنے کے واقعات کے باعث دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے جسکے مطابق کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی جیسا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر چار یا چار سے زیادہ افراد کے اجتماع، بار بی کیو ، دامن کوہ اور پیر سوہاوہ روڈ کے اطراف / اردگرد کار پارکنگ، کوڑا کرکٹ پھینکنے اور شکار پر سختی سے پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔