لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عیدالفطر کے اس خوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل اور کرم سے ہمیں ماہ رمضان جیسی عظیم نعمت ملی دعا ہے اللہ تبارک تعالیٰ اس مبارک مہینے میں کی جانے والی ہماری عبادات، دعائیں، ذکر، تلاوت، نمازیں، ایثار اور قربانی اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ یہ شاید ہماری زندگیوں میں پہلی عید الفطر ہے جس میں ہمیں بہت الگ صورتحال کا سامنا ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ ہماری تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نفرت اور دشمنی کے الزامات والی شدید تقسیم اور پولرائزڈ سیاسی ماحول میں، تمام سیاسی لیڈرز کو سیاسی ماحول کی تنزلی پر حقیقی معنوں میں فکر مند اور پریشان ہونا چاہئے کیونکہ دن بدن ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا راستہ اپنانا چاہیے۔ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز، ورکرز اور سپورٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر آئیے نفرت، عدم برداشت، بد تہذیبی اور الزامات کی سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں۔ یہی ہمارے نبیؐ کی سنت ہے اور اسی میں برکت اور عزت ہے۔ آئیے اس عید کے خوشی کے موقع پر تمام تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں اور رمضان المبارک سے ہم نے صبر، تحمل، استقامت اور بردباری کا جو درس لیا ہے اس پر عملی طور پر کاربند رہنے کا عزم کریں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مفادات کی لڑائی سے دور رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھنے اور اس انتشار کے ماحول میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کریں۔