عید پر مہنگائی کا طوفان برقرار،پھل ‘سبزی کے نرخ آسما ن پر‘  لیموں 850 روپے کلو 

May 03, 2022

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومتی ادارے لاہور میں عید پر بھی پرچون سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے  کسی  بھی علاقے میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد  نہیں ہوا جس سے پرچون سطح پر کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی  جاری رہی۔ سرکاری نرخ نامے میں  بعض  سبزیوں اور پھلوں  کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن گراں فروشی کے باعث یہ کمی صارفین کو منتقل نہیں  ہوئی۔ مختلف علاقوں کے  صارفین نے رابطہ کر کے  بتایا کہ سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا درجہ اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت 25 روپے تھی لیکن دکانداروں نے 35 روپے تک فروخت کئے۔ پیاز درجہ اول 72روپے کی بجائے 78روپے، ٹماٹر 85 روپے کی بجائے 130 روپے، لہسن دیسی 150روپے کی بجائے 170روپے، شملہ مرچ 96روپے کی بجائے 120روپے، سبز مرچ اول 124روپے کی بجائے 155روپے، لیموں دیسی 850روپے تک فروخت کئے گئے۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی اول کی زیادہ سے زیادہ قیمت270 روپے مقرر تھی لیکن دکانداروں نے 380روپے تک فروخت کئے۔ سیب سفید اول کی فی کلو قیمت 125روپے تھی لیکن 200 روپے تک فروخت کیا گیا۔ آڑو اول 260روپے کی بجائے 320روپے، ایک درجن کیلا درجہ اول 140روپے کی بجائے 210روپے، گرما 83روپے کی بجائے 100روپے، سٹرابری اول 190روپے کی بجائے 250روپے، کھجور ایرانی 260روپے، خربوزہ اول 80روپے کی بجائے 100 روپے اور ایک کلو تربوز 42 روپے کی بجائے 50روپے فروخت ہوئی۔ ماہ رمضان میں آنے والا مہنگائی کا طوفان عید پر بھی نہ تھم سکا، سبزیوں، مصالحے اورگوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ لاہور میں میٹھی عید سے ایک دن پہلے ہر سبزی کی قیمت میں 20 سے 30 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا، دیسی لیموں نے تو تمام ریکارڈ توڑ دیے جو ایک ہزار روپے فی کلو میں بک رہا ہے۔ گوشت کی قیمت میں بھی 200 سے 300 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، مرغی کا گوشت 340 سے 380 روپے، بڑا گوشت 900  اور  بکرے کا گوشت 1700 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

مزیدخبریں