پاکستان میں آج مسلمان عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں

May 03, 2022 | 09:29

ویب ڈیسک

ملک بھر میں عید الفطر پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے، اس موقع پر ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئےخصوصی دعائیں کی گئیں۔میٹھی عید سب کو مبارک، ملک بھر میں عید الفطر منائی جا رہی ہے ،چھوٹے بڑے سبھی خوشیاں منا رہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں نمازعید کے چھوٹے، بڑے اجتماعات ہوئے جن میں فرزندان توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے رب کے حضور رمضان المبارک کے بعد عید الفطر جیسی نعمت پر شکر بجا لاتے ہوئے سجدہ ریز ہوئے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔صدر مملکت نے اسلام آباد فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید ادا کی۔ انہوں نے قوم کوعید کی مبارک باد دی، عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا گو ہوں، اللہ تعالی اس مبارک دن کو خوشیوں کا سبب بنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و سالمیت کیلئے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کاخیال رکھیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور منصورہ میں ادا کی۔ سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے بھی جی او آر ون کی مسجد میں نماز عید ادا کی، لیگی رہنما عطاء تارڑ نے جی او آر ون میں نماز عید ادا کی۔

مزیدخبریں