امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگت رہی ہیں : وزیرخارجہ 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں اس بار اپریل سے ہی بارشیں شروع ہوگئیں۔ امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔ بیان کے مطابق، اس وقت بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ گزشتہ مون سون کے دوران ہونے والی بارشوں کے متاثرین کی آج بھی ایک بڑی تعداد مدد کے لیے منتظر ہے۔ گذشتہ غیرمعمولی بارشوں کے دوران بہہ جانے والے لاکھوں گھروں اور انفراسٹرکچر کی ازسرنو بحالی کا کام ابھی بھی مکمل نہیں ہوا۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے اور حکام بارشوں کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس رہیں۔ انہوں نے عوام کو بھی اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کرنے سے بھی اجتناب برتیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر مصیبت سے بچائے۔ جیالے اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبرپی کے میں بارش کے دوران حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم اور ان حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے رہنما سمیع دہلوی شہید کے 28 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بیان میں کہا ان کی پارٹی و جمہوریت کے لیے خدمات اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو آمرانہ سوچ پاکستان میں ہر وقت جمہوریت پر شبِ خون مارنے کے موقع کی تلاش میں رہتی ہے، وہ ہی سوچ آزادیِ صحافت کا گلا بھی دبانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میڈیا کی آزادی پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور کرتی ہیں اور معاشرے میں تقسیم و انتشار کا سبب بنتی ہیں۔ ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور صحافیوں کا اتحاد ہمیشہ سدا بہار و مضبوط رہا ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صحافت پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صحافی تنظیموں، آزادیِ اظہار کے حق کے لیے کام کرنے والے اداروں و شخصیات سمیت عالمی برادری کو اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ وادی کے صحافیوں پر مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔

ای پیپر دی نیشن