اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی اور انہیں سرحدی صورتحال سمیت دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر آگاہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ملاقات میں افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ امور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت سیاسی امور پر اجلاس ہوا۔ وفاقی وزراءاور پارٹی رہنما¶ں نے شرکت کی۔ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ عدالتی کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی امور پر بریفنگ دی۔ ثاقب نثار کی آڈیو لیک پر حکمران جماعت نے اظہار تشویش کیا۔ وزیراعظم نے آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی میں تمام جماعتوں کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ پارلیمنٹ کے فورم کا م¶ثر انداز میں استعمال جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت کی کسی کو اجازت نہ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے سمگلنگ کے ناسور کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ چند کالی بھیڑوں کو ملک کے زرِ مبادلہ اور پاکستانیوں کے حق پر ہر گز ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی۔ رانا ثناءاللہ فوری طور پر خیبر پی کے اور بلوچستان کا دورہ کریں اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعلقہ افسروں کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کریں۔ سمگلنگ میں ملوث یا اس کی روک تھام میں سستی برتنے والے افسروں کو برطرف کرکے محکمانہ کارروائی کی جائے۔ سمگلنگ کی کوشش کے دوران ضبط شدہ مال کی مکمل جانچ پڑتال کرکے اصل مجرموں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انسداد سمگلنگ عدالتوں کی تعداد اور استعداد کار کو بڑھایا جائے۔ انسداد سمگلنگ عدالتوں میں جلد فیصلے اور کڑی سزائیں یقینی بنائی جائیں۔ سمگلنگ کے کالے دھندے میں ملوث مل مالکان، ڈیلر اور گودام مالکان سب کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سپارکو سمگلنگ کی سرگرمیوں کی سیٹلائٹ نگرانی میں معاونت کرے۔ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرگرم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ اجلاس کو ملک کے سرحدی اضلاع اور صوبائی سرحدوں پر جاری انسداد سمگلنگ کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹوں کی تعداد کو بڑھا کر 10کر دیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ پٹرولنگ کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چند ہفتے میں خضدار سے 6 ہزار ٹن سے زیادہ سمگلنگ کی اشیاءقانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی تحویل میں لی ہیں۔ صرف گزشتہ ہفتے میں ہی آپریشن کے دوران ضبط کی جانے والی اشیاءکی مقدار 4342 ٹن ہے جو ٹرکوں کے قافلوں اور گوداموں میں سمگلنگ کی نیت سے موجود تھی۔ وزیرِاعظم نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کے کرم اور حکومت کی کوششوں سے ملک میں گندم کی گزشتہ 10برس کی نسبت سب سے زیادہ پیداوار ہوئی۔ پاکستان کو ایک مرتبہ پھر سے گندم بر آمد کرنے والا ملک بنائیں گے۔ سمگلنگ میں ملوث کسی بھی فرد کو نہ چھوڑا جائے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آزادی کی جدو جہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ہم نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں پر ہندوستان کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ شہباز شریف آج لاہور سے برطانیہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ وہ کنگ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے بھی ملاقات ہو گی۔ وزیراعظم سیاسی‘ معاشی اور پارٹی کی صورتحال سے نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم سے آرمی چیف ، ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات ، سکیورٹی پر بریفنگ
May 03, 2023