لاہور (نیوز رپورٹر+ این این آئی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں گنری سٹاف کورس آرٹیلری سکول نوشہرہ کے وفد نے میجر جنرل عمر بشیر کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ کوئی بھی ملک اس وقت تک مہذب نہیں ہو سکتا جب تک اس میں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ مسائل کی نشاندہی کرنے کے ساتھ مثبت چیزوں کو بھی اجاگر کرے۔ بطور چانسلر پنجاب کی کل 50 سرکاری جامعات میں پہلی دفعہ 35 جامعات میں پرو وائس چانسلر لگائے گئے ہیں۔