لاہور+رحیم یار خان (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران 5 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن کے مطابق 5 ڈاکوؤں نے ڈی پی او آفس میں خود کو پولیس کے حوالے کیا۔ سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں میں عبدالعزیز‘ محمد شاہد‘ محمد اقبال‘ رشید احمد اور علی نواز شامل ہیں۔ ڈاکوؤں کا تعلق عمرانی اور قیصرانی قبیلے سے ہے۔ سرنڈر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کچہ کے علاقے سے خطرناک ملزموں، دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خاتمے کیلئے پولیس ٹیموں کے ٹارگٹڈ آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں اور اسی سلسلے میں رحیم یار خان پولیس نے سجاول، سائیں داد اور سبزل لاٹھانی گینگ کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر کے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ کچہ کے اندرونی علاقوں میں پولیس ٹیموں کی پیش قدمی جاری ہے اور مختلف علاقوں میں کچہ کریمینلز کے تعاقب و ٹارگٹڈ کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ کے بیشتر علاقے میں قانون کی رٹ بحال کر کے پائیدار امن کی فضا فراہم کر دی گئی ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور کچہ سے کریمینلز کا مکمل صفائی کیلئے پولیس ٹیمیں ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کر رہی ہیں۔