وفاق ہمارے صوبے کا حق دے ورنہ پیسے لینا جانتے ہیں: علی امین گنڈا پور

May 03, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ اداروں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ اگر ہمارا حق نہ دیا تو آپ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ میں اپنے صوبے کا حق ہر حال میں لوں گا۔ اگر ہمیں ہمارے حقوق نہیں ملے تو عوام کے حقوق کیلئے سب کو لے کر نکلوں گا۔ وفاق ہمارے پیسے جلد از جلد جاری کرے ورنہ ہم اپنے پیسے لینا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ ادارے خدمت کے بجائے سیاسی طور پر نشانہ بناتے ہیں۔ ہم نے اپنے اداروں کی اصلاح کرنا ہے‘ ایسی قانون سازی کریں گے جس سے کرپشن کو روک سکیں۔ ان کا کہنا تھا ہم اپنی حکومت پر تنقید برائے اصلاح کو خوش آمدید کہتے ہیں‘ عوام کے ساتھ یہ عہد ہے کہ کبھی مظلوم کے مقابلے میں ظالم کا ساتھ نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنا حق مانگیں گے‘ اسے کوئی خیرات نہ سمجھے۔ میں اپنے صوبے کا حق لیکر رہوں گا‘ گھوڑ سوار ہوں‘ گھوڑے جیسے جانور کو قابو کرتا ہوں‘ وفاق کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارا حق لینے کی بات کو ہلکا نہ لے‘ اگر حق نہیں دیں گے تو وفاق بھی اسلام آباد میں چین سے نہیں بیٹھے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں اپنے صوبے کے حق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔ اپنے صوبے کا حق لیکر رہوں گا‘ اپنا حق زبردستی لیا تو پھر وفاق کو کوئی شکریہ بھی  ادا نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی بھی صوبے کے حقوق کے لئے جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔

مزیدخبریں