اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا اشارہ دے دیا۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، 16 ماہ میں جو محنت کی اور پھر اسے نگران حکومت نے جاری رکھا جس کے ثمرات اب سامنے آرہے ہیں۔ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے، مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔ پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں تاکہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے امارات کے شاہی خاندان کے رکن اور ممتاز کاروباری شخصیت شیخ طحنون بن محمد النہیان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہماری نیک خواہشات اور دعائیں امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستان اور امارات کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے میں شیخ طحنون بن محمد النہیان کے کردار کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ آذری سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کو نومبر 2024 میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز COP 29 سربراہی اجلاس کے لیے میزبان کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اگلے ہفتے آذربائیجان کے ماحولیات کے وزیر کے استقبال کے منتظر ہیں، جو کہ کوپ 29 کے اجلاس کے لیے آذری صدر کا باضابطہ دعوت نامہ لے کر آئیں گے۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، روابط، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد باکو بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان جلد از جلد پاکستان آذربائیجان مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کے لیے بھی تیار ہے جہاں دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔ آزری سفیر نے باکو اور کراچی کے درمیان پروازوں کے حالیہ افتتاح کے علاوہ باکو اور اسلام آباد کے ساتھ ساتھ باکو اور لاہور کے درمیان پہلے سے چلنے والی پروازوں پر روشنی ڈالتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے باکو کی طرز پر تعمیرات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد اور باکو کے درمیان سسٹر سٹی معاہدے کی تجویز بھی دی۔شہباز شریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سلام اور حریت فکر کے محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں کوریج کے دوران جان قربان کرنے والے صحافی ہیرو ہیں جبر سے لڑنا اور سچائی سامنے لانا ہی آزادی صحافت کے عالمی دن کا پیغام ہے۔ 16 ماہ کی ہماری گزشتہ حکومت کے دوران میڈیا کے تحفظ کیلئے قانون سازی ہوئی۔ ہیلتھ انشورنس‘ میڈیا انڈسٹری کے اربوں روپے کے واجبات کی ادائیگی ہوئی۔ این آئی آر سی کے ذریعے میڈیا ورکرز کو کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی ہوئی۔ میڈیا انڈسٹری کی بہتری اور مسائل سے نکالنے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ میڈیا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر تعاون کریں گے۔
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+نمائندہ نوائے وقت) وزیراعظم نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیرِ اعظم نے گزشتہ برس گندم کی درآمد کے حوالے سے وزارت قومی غذائی تحفظ کے حکام سے استفسار کیا کہ گزشتہ برس گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود گندم کی درآمد کا فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر لیا گیا۔ وزیراعظم نے گندم کی درآمد کے حوالے سے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ سیکرٹری کابینہ ڈویڑن انکوائری کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضال اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے. اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گندم کی خریداری میں کسی قسم کی دیر نہ ہو. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں. انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ جلد پہنچایا جائے ۔ریڈ بائیس کے افسر فخر عالم کو وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی تعینات کردیا گیا ہے اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سابق سیکریٹری محمد آصف کواوایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور ان کو اسٹیبلشمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
مہنگائی میں کمی اولین ترجیح: صوبے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں، وزیراعظم: گندم درآمد، انکوائری کمیٹی تشکیل، سیکرٹری فوڈ تبدیل
May 03, 2024