مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشت گردی جاری، ایک نوجوان شہید، 2 گرفتار

May 03, 2024

سرینگر، جموں (کے پی آئی) بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جمعرات کو ضلع سامبا  میں ایک نوجوان کو در انداز قرار دے کر شہید کر دیا۔ بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ریگل میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ بی ایس ایف ترجمان نے کہا کہ نوجوان درانداز تھا اسے سانبہ سیکٹر میں گولی مار دی گئی ۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے آرا گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو نوجوان گرفتار کر لیے۔جبکہ  پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت کے کشمیر مخالف ہتھکنڈوں کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پی ڈی پی کے درجنوں کارکن شہر کے ریذیڈنسی روڈ پر واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور بی جے پی اور بھارتی الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے نام نہاد بھارتی انتخابات کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں مزید فوج تعینات کر دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میںسینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 600 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مزید کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں پارلیمانی انتخابات کاڈرامہ رچا کر عالمی برادری کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے واضح کیا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کی فراہمی ہے۔

مزیدخبریں