اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ اور امریکی بحریہ کے مابین دو طرفہ مشق انسپائرڈ یونین 2024ء کراچی میں منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تین روزہ مشق میں یو ایس میرین کور، کوسٹ گارڈز، ڈائیونگ، لیگل، نیول کنسٹرکشن فورس، سول افیئرز اور میڈیکل ٹیموں نے شرکت کی۔ مشق کے دوران امریکی بحریہ کے کمانڈر سی ٹی ایف۔ 52 نے کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کوسٹ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد خطے میں محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول اور دونوں بحری افواج کے مابین تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ مشق انسپائرڈ یونین 2024ء دونوں بحری افواج کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات کی مظہر ہے۔
پاکستانی، امریکی بحریہ کی دوطرفہ مشق، کمانڈرز ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
May 03, 2024