لاہور (خصوصی نامہ نگار) انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان بتعاون مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام فیصل آباد میں انٹرفیتھ پیس اینڈ ہارمنی کانفرنس کا انعقاد کیاگیا، جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اس کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علماء کرام و مشائخ عظام اور دیگر مذاہب عالم سے تعلق رکھنے والے راہنما، زعماء نے شرکت کی جن میں مولانا محمد ضیاء مدنی خطیب جامع مسجد فیصل آباد، بشپ اندریاس رحمت بشپ آف فیصل آباد، سردار گرمیت سنگھ ،مولانا یٰسین ظفر، مولانا امجد سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ونگ، مولانا محمد ریاض کھرل ،علامہ سید ذاکر حسین نقوی ،مفتی محمد زکریا، مفتی فتح محمد راشدی ،فادر خالد رشید، مولانا محمد اسلم ساقی ،مولانا فاروق اعظم، مولانا عثمان ،مولانا بدر عالم ،فادر توفیق یونس، مولانا شبیہ الحسنین شیرازی ،مولانا خلیل احمد سالک ،قاری عبید اللہ ،علامہ ڈاکٹر شہباز احمد، مولانا سکندر حیات ذکی ،مفتی محمد ظفر اقبال ،بشپ شمس پرویز ،علامہ سید علی ناصر نقوی، علامہ سید مظہر حسین نقوی ،فادر یعقوب یوسف ،مولانا عبدالغفار ،ڈاکٹر پاسٹر سلامت ،مولانا محمد امین ضیاء، علامہ واجد علی کیانی، سید عبدالبصیر آزاد ،پروفیسر ظفراللہ جان ،سید غلام حسین گیلانی و دیگر راہنما شامل ہیں۔ کانفرنس سے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں احترام انسانیت کا درس دیتا ہے اور پیغمبر دوعالمؐ کی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتی ہیں، تمام الہامی کتب، قرآن کریم اور انبیاء کرام کی عزت و تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،آج پاکستان کو بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے ،علماء کرام ، دیگر مذاہب عالم کے راہنما محراب و منبر اور دیگر عبادت گاہوں سے محبت اور قومی یکجہتی کی آواز کو بلندکریں اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں، آج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو انتشار ،دہشت گردی ،فرقہ واریت سے پاک پاکستان بنانا ہے۔