اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 15 ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی سسربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر سیکرٹری جنرل کو مبارکباد دی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور اشتعال انگیزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔