شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت)ایف آئی اے ٹیم نے لیسکو کے کرپٹ افسران و ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ، رشوت خور افسر گزشتہ چار روز سے سیٹوں پر نہیں بیٹھ رہے ، کسی وقت بھی مقدمات درج ہونے اور گرفتاریوں کا امکان ہے، تفصیلات کے مطابق لیسکو کے افسروں و ملازمین کی ملی بھگت سے زرعی ٹیوب ویلز کی مد میں محکمہ کو ماہانہ کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے،ضلع کے مختلف مقامات میں زرعی اراضی پر قائم ہونیوالی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں زرعی زمینوں کو پانی کی فراہمی کیلئے لگائے گئے ٹیوب ویلز جن پر حکومت کی طرف سے بجلی کی مد میں سبسڈی دی گئی تھی ان کے کنکشنز کے ذریعے ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بننے والے مکانوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے سوسائٹی مالکان محکمہ لیسکو کے بعض کرپٹ افسر و ملازمین لاکھوں روپے کما رہے ہیں ۔علاقہ مکینوں نے وزیر اعظم اور ڈائریکٹر ایف آئی اے ، ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف مقدمات درج کر کے لوٹی گئی دولت واپس لیکر سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے اور نوکریوں سے فارغ کر کے ایمان دار اہلکار و افسر تعینات کئے جائیں۔دوسری جانب متعلقہ افسروں نے ان الزامات کو من گھڑت اور بے بنیاد کہا ہے اور تصدیق نہ کی ہے۔