راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے تیسراجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم،چوہدری ضیاالرحمان، چوہدری اسامہ فضل،اسامہ لغاری اور زاہد اکرم کی خصوصی شرکت۔اجلاس میں کپاس کی فصل کی کاشت کے ہدف کے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں کپاس کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت نے خطہ جنوبی پنجاب کو کاٹن ویلی میں دوبارہ تبدیل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ ملکی معیشت کو سہارا صرف کپاس کی فصل ہی دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 40 لاکھ ایکڑ مقررکیا گیا جس سے 65 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے حصول کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔