چلاس:مسافر بس کھائی میں گرنے سے،20مسافر جاں بحق ، 21زخمی

May 03, 2024 | 10:58

گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں شاہراہ قراقرم پر مسافر بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق اور 21زخمی ہوگئے ، کئی زخمیوں کی حالت  تشویشنا ک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق واقعہ شاہراہ قراقرم کے مقام پریشوخل داس پر پیش آیا جہاں مسافر بس کھائی میں جا گری۔ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ بس کو حادثہ صبح 5 بجے کے قریب پیش آیا، حادثے کا شکار بس راولپنڈی سے ہنزہ جارہی تھی. نجی ٹرانسپورٹ کمپنی مارکوپولو کی بس میں 40 سے زائد افراد سوار تھے۔انہوں نے کہاکہ چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ،ریسکیوکی ٹیمیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شکیل احمد نے کہا کہ بس یشوکھل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری، لاشوں اور زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔شہریوں سے زخمیوں کے لئے خون کی اپیل کی گئی۔پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کو زخمیوں کی بروقت طبی امداد میں مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔محسن نقوی نے کہا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمی افراد کو جلد صحت یاب فرمائے۔ اس کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

مزیدخبریں