اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے کہا ہے کہ ایتھوپیا مواقعوں کی سرزمین ہے،پاکستان اور ایتھیوپیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے لیے یہ مناسب ترین وقت ہے۔ ایتھوپیا تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مکمل طور پر جڑا ہوا ملک ہے جہاں توانائی کی دستیابی اور سرمایہ کاری کو قانونی طور پر تحفظ حاصل ہے۔پاکستان اور ایتھیوپیا آئندہ چند سالوں میں دونوں ممالک بہترین تجارتی شراکت دار ثابت ہوں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان کے دوسرے کاروباری و تجارتی وفد کی دورہ ایتھوپیا کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مئی 2024 میں مینوفیکچرنگ ایکسپو، تجارتی میلہ، جدید ترین سیاحتی مقامات کے دورے اور آنے والی کاروباری برادری کے فائدے کے لیے بہت کچھ ہوگا۔سفیر نے مزید کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اسلام آباد- ادیس ابابا اور لاہور- ادیس ابابا پروازیں شروع کرنے کے لیے اپنی سطح پر پوری کوشش کر رہے ہیں۔ایتھوپیا کے سفیر نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعلقات کی مضبوطی بالخصوص تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایتھوپیا سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے خاص طور پر فارما، ٹیکسٹائل، الیکٹرک وہیکلز اور آئی ٹی کے شعبوں کیلئے بہترین جگہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے وفد کے آخری دورے کے دوران انہوں نے ایتھوپیا کے لوگوں کو انتہائی نظم و ضبط اور اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم پایا۔احسن ظفر بختاوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے تجارتی وفد کے ایتھوپیا کے آئندہ دورے سے لک افریقہ پالیسی کے مقاصد کی جانب مثبت پیش رفت ہوگی اور ہم سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ مزید ایم او یوز پر دستخط کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔مشترکہ منصوبوں کی.اپنے تاثرات میں چیئرمین پاکستان افریقہ بزنس فورم اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ کراچی سے ادیس ابابا کی براہ راست پروازوں کے آغاز کا سارا کریڈٹ سفیر ایتھیوپیا کو جاتا ہے خاص طور پر اس وقت جب پاکستان کو ہوابازی کے شعبے میں تنہائی جیسی صورتحال کا سامنا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفیر کی یہ عظیم تقلید دونوں ممالک کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں طویل عرصے تک کام کرے گی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ممبر رضوان چھینہ نے سفیر کا ICCI کا دورہ کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اس امید کے ساتھ کہ ایتھوپیا کا دوسرا دورہ تاجر برادری کے لیے بہت سود مند ثابت ہوگا۔
پاکستانی بزنس کمیونٹی ایتھوپیا میں دستیاب کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائے،جمال بیکر عبداللہ
May 03, 2024