چاند کی جانب پاکستان کا پہلا مصنوعی سیارہ آئی کیوب قمر آج روانہ کیا جائے گا ۔تفصیلات کےمطابق موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوئے چانگ ای 6 کی روانگی کا وقت تبدیل کیاگیا۔وینچانگ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 5 راکٹ چانگ ای 6 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق آج دوپہر 2 بج کر 18 منٹ پر روانہ کیا جائے گا۔ آئی کیوب قمر چین کے چانگ ای 6 قمری مشن کا حصہ ہے چین کے وینچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے چانگ ای 6 مشن کی روانگی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔فائنل کائونٹ ڈائون سے قبل چانگ ای 6 مشن تمام فائنل چیکس اور ریہرسلز بھی مکمل کرچکاہے۔ چانگ ای 6 مشن پانچ روز کا سفر مکمل کر کے چاند کے قریب پہنچے گا مشن کے پانچویں روز آئی کیوب قمر چانگ ای 6 سے الگ ہو گا ۔آئی کیوب قمر چانگ ای 6 سے الگ ہو کر چاند کے زیریں مدار میں گردش کرے گا چاند کے زیریں مدار میں گردش کرتے ہوئے آئی کیوب قمر جنوبی قطب کی اہم تصاویر بنائے گا ۔آئی کیوب قمر کا ابتدائی ڈیٹا چینی خلائی ادارے میں موصول ہو گا ۔آئی کیوب کا ڈیٹا پاکستان میں سپارکو اور انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی میں موصول ہو گا۔پاکستان اور چین آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والے ڈیٹا سے استفادہ کریں گے، مصنوعی سیارے آئی کیوب قمر کو مکمل طور پر پاکستانی ماہرین نے تیار کیا ہے ۔آئی کیوب قمر سیٹلائٹ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے ماہرین اور طلبہ کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے ،چین نے پاکستان کو ایشیا پیسیفک سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے رکن کے طور پر مشن کا حصہ بننے کی دعوت دی تھی۔چینی خلائی ادارے نے چانگ ای 6 مشن کے حوالے سے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی پروپوزل کو قبول کیا پاکستانی سائنس دانوں نے مکمل آئی کیوب قمر کو خود ڈیزائن کیا ہے ،پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کو 6 سے 8 ماہ انتہائی مشکل اور سخت آزمائشی مراحل سے گزارنے کے بعد چانگ ای 6 مشن کا حصہ بنایا گیا ہے، 7 کلو گرام وزنی آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں چکر لگاتے ہوئے ،اپنے 2 کیمروں سے اہم ترین تصاویر بنائے گا چانگ ای 6 مشن کا مقصد چاند کے جنوبی قطب سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز کا حصول ہے۔