اسحاق ڈار کی او آئی سی سربراہ سےملاقات،اسلاموفوبیا کیخلاف مشترکہ کوشش پر زور

May 03, 2024 | 11:40

 نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 15 ویں اسلامی سربراہی اجلاس میں سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ملاقات کی اور اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر سیکرٹری جنرل کو مبارکباد دی۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوشش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں مسلمانوں کیخلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے آگاہ کیا، جموں کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں او آئی سی کے تاریخی کردار کو نوٹ کرتے ہوئے کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ اور کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچی کے کردار کو سراہا۔

مزیدخبریں