نئی تاریخ رقم، پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ آج چاند پر روانہ ہو گا

 پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، چاند پر جانے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق پہلا پاکستانی سٹیلائٹ آئی کیوب کیو آج چاند پر روانہ کیا جائے گا، دو آپٹیکل کیمروں سے لیس آئی کیوب کیو کی مدد سے چاند کی سطح کی تصاویر اور معلومات حاصل کی جائیں گی، سیٹلائٹ مشن ’آئی کیوب کیو‘ چین کے ہینان سپیس لانچ سائٹ سے دن 12 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہونا تھا، موسم کی خرابی کے باعث وقت تبدیل کر دیا گیا، لانچ اب 2 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوگا۔سیٹلائٹ آئی کیوب کیو کی لانچ کو ویب سائٹ سے براہ راست ٹیلی کاسٹ بھی کیا جائے گا، آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈیویلپمنٹ چین اور سپارکو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، چاند کی تصاویر بنانے کیلئے آئی کیوب قمر میں دو کیمرے نصب ہیں، سیٹلائٹ سے چاند کی سطح کی تصاویر چین کے ڈیپ سپیس نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کی جائیں گی۔2022ء میں چینی نیشنل سپیس ایجنسی نے ایشیا پیسیفک سپیس کارپوریشن آرگنائزیشن کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا، ایپسکو کی پیشکش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے، ایپسکو کے رکن ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایران، پیرو، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ترکیہ شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی نے بھی مجوزہ منصوبہ جمع کرایا تھا، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا، دو سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ کو مکمل کیا جا سکا۔

ای پیپر دی نیشن