صدر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے آئی ایم ایف پیکیج کی ممکنہ شرائط پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف پیکیج پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، نئے ٹیکسز اور مجوزہ نجکاری پر وزیر خزانہ ارکان پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور دیگر اہم ادارے پرائیوٹائز کرنے کے بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے چلائے جائیں، پنشنرز پر ٹیکس کا نفاذ ناقابل قبول ہے، وزارت خزانہ اس کا متبادل حل تلاش کرے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم پر مکمل عمل درآمد سے مرکز اور صوبوں میں مزید ہم آہنگی پیدا ہوگی، غیر ضروری وزارتیں ختم کر کے وفاق پر مالی بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے۔