اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی انسداد پولیو اقدام کے وفد نے ملاقات کی۔شہباز شریف نے کہا کہ خطے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تعاون ہونا ضروری ہے.وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وفد نے انسداد پولیو کے لیے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا.وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں پولیو کی امیونائیزیشن کے اقدامات میں درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔وفد کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ضروری تکنیکی مہارت، قومی اور حکومتی سطح پر اس مہم کو کامیاب کرنے کا عزم موجود ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر کرسٹوفر نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دور وزارت اعلیٰ میں انسداد پولیو کے لیے گئے اقدامات سے بے حد متاثر ہیں۔وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ملاقات کرنے والوں میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلائیس شامل تھے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس کے پاکستان سے مکمل خاتمے کے لیے ہم پُرعزم ہیں. وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے ایک مشترکہ آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں شامل تمام اداروں کا احتساب اور اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ویکسینیشن ٹیمز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے عالمی انسداد پولیو کیلئے 500 ملین ڈالر کے عطیے کا اعلان خوش آئند ہے.عالمی شراکت داروں کے تعاون اور ملکی اداروں کی انتھک محنت سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔