چیک ریپبلک میں پاکستانی تاجروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں : پاول سیپیلاک

Nov 03, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) چیک ریپبلک کے سفیر پاول سیپیلاک نے کہا ہے کہ چیک ریپبلک میں پاکستانی تاجروں کے لیے توانائی، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، لیدر اور تعمیرات کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں اور وہاں کے تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کرنے کو تیار ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ وہ گذشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر اقبال چودھری، سینئر نائب صدر اعجاز اے ممتاز، نائب صدر فیصل اقبال شیخ، چیک ریپبلک کے اعزازی قونصل کمال منوں اور تھرڈ سیکریٹری پولیٹیکل اینڈ کمرشل تھامس ڈن ہل (Tomas DANHEL)نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سفیر نے کہا کہ چیک ریپبلک کی کمپنیوں بلوکی اور مریدکے میں دو پاور پلانٹس کی تعمیر میں شریک ہیں جبکہ گیس سیکٹر کی ترقی کے بھی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ چیک ریپبلک زرعی شعبے کے لیے ایک بائیو فرٹیلائزر فیکٹری بھی تعمیر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یورپین یونین تک رسائی حاصل ہے اور چیک ریپبلک نے یورپین یونین کی صدارت کے دوران پاکستان کی برآمدات کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے۔
مزیدخبریں