لاہور (اے پی پی) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وکرم جیت سنگھ ساہنے نے پاکستان کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ویزے معاہدہ کی توثیق کے فیصلے کو سراہا ہے۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پاکستان شاخ کے نائب صدر افتخار علی ملک کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان حکومت کی طرف سے ویزے کے اجراءکے عمل کو آسان بنانے کا فیصلہ جرات مندانہ اور تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ویزے معاہدہ پاک بھارت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی آزادانہ نقل و حرکت سے نہ صرف کاروباری ماحول بہتر ہوگا بلکہ جنوبی ایشیاءکے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔