لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں زیر التواءمقدمات جبکہ بوڑھے، بیوگان اور نابالغان کے زیر سماعت مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ممبر انسپکشن ٹیم عبد الستار کی جانب سے صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو لکھے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سینیئر سول ججز اپنے زیرِ انتظام عدالتوں میں پرانے زیرِ التواءمقدمات کےلئے سرخ رنگ کے فائل کور مہیا کریں۔ تاکہ اِن مقدمات کو دوسرے مقدمات میں تفریق کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔ جن عدالتوں میں پرانے زیرِ التواءمقدمات ہیں ان کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ مراسلے میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ قومی عدالتی پالیسی2009 پر بھرپور عملدرآمد کے باوجود ضلعی عدالتوں میں مقدمات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عدالتوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے زمرے میں آنے والے زیرِ التوا پرانے مقدمات عدالتی نظام پر تنقید کا سبب ہیں۔