اسلام آباد (خبرنگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے پنجاب کے حلقہ 133 نارووال II کے ضمنی الیکشن کے دوران الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم کے حلقہ میں ممکنہ دورے کو روکنے سمیت پولیس اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی مداخلت فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مولانا محمد غیاث الدین نے الیکشن کمشن میں درخواست دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے وہ پی پی 133 نارووال II سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے امیدوار کو پولیس گاڑیوں کے ذریعے پروٹول دیا جا رہا ہے اور ووٹروں کو پولیس کے ذریعے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے جبکہ ق لیگ کے امیدوار کی حمایت کے لئے ڈپٹی وزیراعظم پرویز الہی نے 5 نومبر کو علاقے میں دورے کا اعلان کررکھا ہے۔ درخواست گزار نے کہا ان حالات میں شفاف اور آزادانہ الیکشن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ یہ کارروائیاں الیکشن میں دھاندلی کے مترادف ہیں اور الیکشن کمشن کے 5 اکتوبر کو جاری ہونےوالے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری پنجاب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نارووال ریٹرننگ آفیسر پی پی 133 نارووال II کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ ایسی تمام کارروائیوں کو روکیں جس سے شفاف اور آزادانہ الیکشن میں رکاوٹ پیدا ہو اور اس مفصل رپورٹ کمشن کو ارسال کی جائے۔