لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر + خبر نگار) مقامی پروڈیوسرز نے سعودی آرامکوکنٹریکٹ پرائس میں اضافے کے تناسب سے مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی فی ٹن قیمت میں 2.9 فیصد اضافہ کردیا ہے جسکے نتیجے میں مقامی ایل پی جی کی فی ٹن قیمت 98 ہزار 604 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 518 روپے کی سطح پر آگئی۔ پیدواری سطح پر قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 2.90 روپے، 11.8 کلو سلنڈر کی قیمت 34 روپے اور 45.4 کلو سلنڈر کی قیمت 132 روپے بڑھ گئی ہے اس کا اطلاق آج 3 نومبر سے ہو گا۔ آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالہادی خان نے پروڈیوسرز کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے پروڈیوسرز کے من مانے فیصلوں کے نتیجے میں ایل پی جی کی فروخت یکدم 30 تا 40 فیصد گھٹ جائے گی کیونکہ سپریم کورٹ کے حالیہ احکامات کے نتیجے میں سی این جی کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی جبکہ پروڈیوسرز نے خودساختہ طور پر مقامی طور پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی قیمت کو عالمی قیمتوں سے منسلک کرتے ہوئے کنٹریکٹ پرائس میں اضافے کے تناسب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی پالیسی اختیار کی ہوئی جو پاکستان کے دور دراز پہاڑی و پسماندہ علاقوں کے 5 کروڑ صارفین کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ عبدالہادی نے بتایا اضافے کے باعث سندھ بلوچستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 120 تا 121 روپے، 11.8 کلو سلنڈر کی قیمت 1310 تا 1320 روپے اور 45.4 کلو سلینڈر کی قیمت 5040 تا 5050 روپے، پنجاب میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 124 تا 126 روپے، 11.8 کلو سلنڈر کی قیمت 1350 تا 1360 روپے اور 45.4 کلو سلنڈر کی قیمت 5220 تا 5230 روپے، خیبر پی کے، آذاد کشمیر، نادرن ایریا اور فاٹا میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 129 تا 130 روپے، ہو گئی ہے۔ عبدالہادی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ایل پی جی کی مقامی قیمت کو عالمی مارکیٹ سے منسلک کرنے کا نوٹس لے۔
ایل پی جی 2.90 روپے کلو مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 34 روپے اضافہ
Nov 03, 2012