لاگوس (اے ایف پی) نائیجریا کے فوجیوں نے ملک کے شمال مشرقی علاقہ میں 40مسلمان نوجوانوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ان نوجوانوں کو اسلامی گروپ کے مضبوط ٹھکانوں والے علاقے میں چھاپوں کے دروان موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ نائیجریا کے مسلمانوں کی تنظیم بوکو حرام کے مرکز سے متصل علاقوں میں گذشتہ روز فوجی آپریشن کیا گیا۔ علاقہ کے ایک مکین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا گیڈو گوری کے علاقہ میں فوجیوں نے جمعرات کو رات گئے دھاوا بول دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو معمر افراد سے الگ کیا اور پھر نوجوانوں کو زمین پر اوندھے منہ لٹاکر گولیاں مار دیں اس موقع پر موجود لوگوں سے کہا گیا کہ اپنے چہرے دوسری جانب پھیر لیں ہلاک ہونیوالوں کی عمر 20سال اور اس سے کم تھیں۔ اسی طرح کا آپریشن فوجیوں نے دیگر تین علاقوں میں بھی کیا بعدازاں مردہ خانے سے 48لاشیں انکے لواحقین کو دی گئیں۔ علاقہ کے ایک اور مکین نے کہا کہ قتل عام فلمی سین کی طرح تھا۔ بتایا گیا ہے کہ فوجیوں نے نوجوانوں کو گھروں سے نکال نکال کر گولیاں ماریں، فوج نے رابطہ کرنے پر الزامات پر تبصرہ سے انکار کیا صرف اتنا کہا کہ اگر ایسا ہوا ہے تو ایسا بلاجواز ہے۔