لاہور (وقائع نگار) پنجاب بھر میں محرم الحرام میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں، صوبے میں قرار دئیے جانے والے حساس اضلاع میں ایسے مقامات جہاں سے بالخصوص دس محرم کے جلوس نکلیں گے، ان علاقوں میں موجود کسی رہائشی کو چھت پر چڑھنے یا جلوس والی سڑک پر اپنے گھر کا دروازہ اور کھڑکی کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ کوئی رہائشی اس روز اپنے گھر میں کسی مہمان کو نہیں بلا سکے گا۔ جلوسوں کے ساتھ مسلح پولیس کے دستے اور رضاکار موجود ہوں گے۔ کمشنروں اور ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرز کے دفاتر میں مانیٹرنگ کیلئے سنٹرل رومز بنائے جائیں گے جہاں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے بارے میں لمحہ لمحہ کی صورتحال بتائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف پہلے ہی تمام متعلقہ اداروں کو محرم کے دوران امن و امان ہر صورت برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔