لاہور( این این آئی)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ نعمان اعجاز ایک بڑا فنکار ہے اور اسکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اداکاری کرتے ہوئے خوف آتا ہے ،نعمان اعجاز ان فنکاروں میں سے ہے جنہیں اپنے کردار میں رنگ بھرنے کا فن آتا ہے ۔ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے قوی خان نے کہا کہ کوئی جونیئر ہو یا سینئر جسے کام آتا ہے اسکی تعریف کرنے میں کنجوسی سے کام نہیں لینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعمان اعجاز کی اداکاری میں انتہائی پختگی ہے نعمان اعجاز اور اس جیسا ایک اور فنکار ہے جنکے سامنے کام کرتے ہوئے او رانکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کردار نبھاتے ہوئے مجھے خوف آ جاتا ہے ۔سینئر اداکار نے مزید کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے جونیئرز کی رہنمائی کروں اور جہاں مجھے اپنے جونیئرز سے کچھ سیکھنے کو ملتا ہے میں اسے بھی اپنا لیتا ہوں کیونکہ سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے۔