انسداد ڈینگی مہم کو تحریک کے طور پر آگے بڑھایا جائیگا: شہباز شریف

Nov 03, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری ادارے پوری طرح متحرک ہیں اور بھرپور آگاہی مہم اور اقدامات کی بدولت عوام میں ایک بار پھر وہی جذبہ بیدار ہو رہا ہے جس کو بروئے کار لاتے ہوئے 2011ء میں اس موذی وائرس پر قابو پایا گیا تھا۔ انسداد ڈینگی مہم کو قومی جذبے کے ساتھ ایک تحریک کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارے اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ عوام میں ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ آج یوم انسداد ڈینگی پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور اس موذی مرض کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 3 نومبر کو صوبہ بھر میں ڈینگی کے تدارک کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ریلیاں نکالی جائیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے۔ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے اور معاشرے کے تمام طبقات کو انسداد ڈینگی مہم میں شامل کر کے ہی اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں ہے، اس لئے عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ادارہ اور معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ 2011ء میں ملک کی تاریخ کی بدترین ڈینگی کی وبا سے نمٹنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی جس کے نتیجے میں ڈینگی پر قابو پانے میں کامیابی ملی۔ ہمیں ایک بار پھر ڈینگی مچھر کو صوبے سے بھگانا ہے اور اس مقصد کیلئے منتخب نمائندوں، متعلقہ اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہدایت کہ ارکان اسمبلی، افسران اور طبی ماہرین مل کر ڈینگی کے تدارک کیلئے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔ یہ وقت دفاتر یا اپنے گھروں میں بیٹھنے کا نہیں ہے بلکہ دکھی انسانیت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا ہے لہٰذا ارکان اسمبلی اور متعلقہ حکام فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزراء اور منتخب نمائندے انسداد ڈینگی مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتالوں کے دورے کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈینگی کی روک تھام اور ڈینگی بخار کے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انسداد ڈینگی مہم میں کسی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے جو کچھ انسانی وسائل کے بس میں ہے کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ اس بار بھی ہم ڈینگی کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ 

مزیدخبریں