کراچی (آن لائن) بڑھتے مالی خسارے اور آمدنی میں کمی کے باعث ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت کے مقامی قرضے 100 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے۔ سرکاری اخراجات میں کمی کے حکومت اعلانات تو کرتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کر پاتی جبکہ مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈیز اور ٹیکس وصولی میں کمی کے باعث مالی خسارہ بھی کسی صورت کم نہیں ہو رہا، جسے بھرنے کے لئے حکومت کو مقامی سطح پر قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔ پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت کے مقامی قرضوں میں 7 فیصد اضافہ ہوا، قرضوں کی مجموعی مالیت 101 کھرب 55 ارب روپے تک پہنچ گئی، تاہم اس دوران حکومت کے واجبات کا حجم 5 فیصد کمی سے 231 ارب روپے رہ گیا۔