شیخوپورہ/ ننکانہ/ حافظ آباد /فیروز والا/ سیالکوٹ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت ) پٹرول کے نرخ کم نہ کرنے پر درجنوں پمپوں کو جرمانے، مقدمات درج، کئی پٹرول پمپوں نے فروخت بند کر دی، ننکانہ کی انتظامیہ نے کرایوں میں کمی کر دی بعض جگہوں پر کرایوں میں کمی نہ کرنے پر ٹرانسپوٹروں اور مسافروں میں جھگڑے، عوام کی طرف سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ڈی سی او شیخوپورہ راشد کمال کی بہتر حکمت عملی کے باعث شیخوپورہ میں تقریباً تمام پٹرول پمپوں پر عوام کو سستا پٹرول ملنا شروع ہو گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر کے مختلف پٹرول پمپوں پر چھاپے بھی مارے اور نرخ میں کمی نہ کرنے پر درجن سے زائد پٹرول پمپ مالکان کے خلاف جرمانے بھی عائد کئے۔ شہریوں نے ڈی سی او شیخوپورہ سے مطالبہ کیا شہر میں سبزیوں دالوں پھلوں گوشت انڈوں کی قیمتوں پر بھی کنٹرول کیا جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز اے سی ننکانہ محمد رفیق احسن اور نائب تحصیلدار ننکانہ اسلم ضیاءنے بطور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مختلف پٹرول پمپوں پر چھاپے مارے اور ننکانہ، بچیکی اور چک نمبر 641کے نزدیک واقع پٹرول پمپ کے مالکان کے خلاف تھانہ صدر ننکانہ میں مقدمات درج کروادئیے۔ معلوم ہوا ہے افسران کی چھاپوں کی اطلاع ملتے ہی دیگر پٹرول پمپ مالکان نے نئے سرکاری ریٹ پر پٹرول فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈی سی او ڈاکٹر عثمان علی خاں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیںکم ہونے پر ٹرانسپورٹ کے کرایہ جات میں بھی کمی کر دی ہے، ضلع ننکانہ صاحب میں ٹرانسپورٹ کا کرایہ 0.98 پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے مقرر کیا گیا ہے جس کے حساب سے ننکانہ سے لاہور کا کرایہ 85 روپے، ننکانہ کا شیخوپورہ کا کرایہ 50 روپے ، ننکانہ سے فیصل آباد کا کرایہ 77 روپے اورننکانہ سے جڑانوالہ کا کرایہ 41 روپے مقرر کرنے کے علاوہ دیگر روٹس کے بھی نئے کرایہ جات جاری کردئیے گئے۔ صفدرآباد سے شاہ کوٹ، سانگلہ ہل ، مانانوالہ ، شیخوپورہ ، لاہور ، فیصل آباد اور خانقاہ ڈوگراں تک ٹرانسپورٹ چلتی ہے۔ صفدرآباد کے ٹرانسپورٹروں نے کرائے کم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سابقہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سرائے مغل اور گردونواح میں ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی۔ ٹرانسپورٹر سابقہ کرایے وصول کرکے عوام اور مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔گیمبر اوکاڑہ چھاﺅنی میں متعدد پٹرول پمپ مالکان نے فروخت بند کر دی ہے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے کرائے بھی کم کرنے میں عدم دلچسپی ظاہر کر دی۔ حافظ آباد میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سعید احمد خاں نے مختلف پٹرول پمپس پر چھاپے مار کر مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے پر 6 پٹرول پمپ مالکان کو 43 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ مقررہ کرایوں سے زائد وصول کرنے پر 28 گاڑیوں کے چالان کرتے ہوئے انہیں 24 ہزار 6 سو روپے جرمانہ بھی کیا۔ سعید احمد خان کا کہنا ہےکہ کسی بھی پٹرول پمپ مالکان کو پٹرولیم مصنوعات کی مقرر کردہ قیمتوں سے ہرگز زائد وصول نہیں کرنے دیا جائے گا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق پٹرول کے زائد نرخوں کی وصولی پر شہریوں کی شکایت پر گزشتہ روز انتظامیہ نے جیل روڈ پر واقع پٹرول پمپ کے نصراللہ، علی اور غلام جیلانی، گوہر پور کے اقبال پٹرولیم، مرالہ روڈ کے سروش پٹرولیم، گوندل روڈ کے رفیق پٹرولیم اور ڈھلے والی کے پمپ سمیت متعدد پٹرول پمپ مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔فیروزوالا میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل فیروزوالا سعدیہ علی کی ہدایت پر سپیشل مجسٹریٹ انجم ذکاءبٹ اور دیگر اہلکاروں نے چھاپے مار کر اپنی قیمتوں پر پٹرول فروخت نہ کرنے والے نو پٹرول پمپوں کے مالکان کو تقریباً پونے دو لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ چھاپے مار ٹیمیں علاقے میں مسلسل چیکنگ کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو نئی قیمتوں پر پٹرول مل سکے۔
پٹرول پمپ جرمانے