تہران (آن لائن) ایران کی پاسداران انقلاب کی نیول افواج کے سربراہ ایڈمرل علی فدوی نے دھمکی دی ہے کہ خلیج کے پانیوں میں موجود امریکی بحری بیڑا واپس نہ گیا تو ایران اسے تباہ کر دے گا۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ خلیجی پانیوں سے امریکی فوجیوں کو نکالنا پاسداران انقلاب کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوج صرف پچاس سیکنڈز سے کم وقت میں امریکی بحری بیڑے کو تباہ کرکے سمندر میں غرق کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آبنائے ہرمز اور خلیج کی سمندری حدود میں ایرانی سکیورٹی فورسز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی بحری بیڑے کو تباہ کرنے کے تناظر میں ایرانی فوج متعدد فوجی مشقیں کر چکی ہے۔ ایران، امریکہ کے بحرین اور خلیجی پانیوں میں موجود پانچویں بحری بیڑے کی نقل وحرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایران/ دھمکی