اسلام آباد + لاہور (ایجنسیاں+وقائع نگار خصوصی) سپریم جوڈیشل کونسل نے شواہد کی عدم فراہمی پر الیکشن کمشن کے ارکان کی برطرفی کےلئے دائر ریفرنس خارج کر دیا، تحریک انصاف کا لائر ونگ ارکان کے دھاندلی میں ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ ریفرنس چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے خارج کیا۔ریفرنس میں ارکان کو الیکشن2013 میں بے ضابطگیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے اراکان کے دھاندلی میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد نہیں دیئے گئے۔ یہ ریفرنس ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد خارج کیا گیا ہے۔ یہ ریفرنس پی ٹی آئی لائر ونگ کے گوہر نواز سندھو نے دائر کیا تھا۔ ریفرنس میں الیکشن کمشن اراکان کی برطرفی کا مطالبہ، انکوائری کمشن کی رپورٹ کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمشن نے تحریک انصاف کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں بدانتظامی تو ضرور ہوئی ہے لیکن اسے منظم دھاندلی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ تحریک انصاف لائرز ونگ پنجاب کے سینئر صوبائی نائب صدر گوہر نوازسندھو نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے ان کا م¶قف سنے بغیر ریفرنس خارج کر دیا ہے۔ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی جس میں سپریم جوڈیشل کونسل کو فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی جائے گی۔
ریفرنس خارج