پاکستانی لڑکے کی محبت میں چینی لڑکی مظفرگڑھ پہنچ گئی، سفارتخانے منتقل کردیا گیا

Nov 03, 2015

مظفر گڑھ(این این آئی) پاکستانی لڑکے کے عشق میں گرفتار چینی لڑکی مظفر گڑھ پہنچ گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی امین کی محبت میں گرفتار چینی لڑکی ڈولی کو پولیس نے مظفر گڑھ سے اسلام آباد منتقل کیا اور پولیس نے خود تحصیل علی پور میں امین کی تلاش شروع کردی ہے۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق دونوں کی محبت چین کے میڈیکل کالج میں پروان چڑھی جہاں امین تعلیم حاصل کرنے گیا تھا امین چین سے واپس آیا یا نہیں پر اس کی محبت ڈولی کو چین سے یہاں لے آئی۔ ڈولی نے امین کو علی پور میں گلی گلی ڈھونڈا، لوگوں سے اس کا پتا پوچھا پر کامیابی نہ ملی، ڈولی کو امین تو نہ ملا پر اس تلاش کی خبر علی پور کی پولیس کو ضرور ہو گئی جنہوں نے غیر ملکی ہونے کی وجہ سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس سٹیشن اور بعد میں اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے منتقل کیا۔ چینی سفارتخانہ اور دفتر خارجہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ ڈولی کو چین واپس بھجوانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فیس بک پر دوستی کا معاملہ ہے۔ لڑکی کی عمر 17 سال ہے۔ تحقیقات سے ثابت ہوا کہ لڑکا امین چین میں ہے، لڑکی کا دماغی توازن پوری طرح درست نہیں۔ 

مزیدخبریں