لندن (نیوز ڈیسک) سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کے موقع پر مختلف گروپوں کی جانب سے کئے جانیوالے متوقع احتجاج سے نمٹنے کے حوالے سے منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے ذرائع نے بتایا کہ سکھوں سمیت مختلف گروپوں کی جانب سے مودی کی آمد پر احتجاج کے دوران حالات پر قابو پانے کیلئے مناسب ’’پولیسنگ پلان‘‘ تیار ہے۔ احتجاجی گروپوں کی درخواست پر ان سے مذاکرات کئے جا رہے ہیں۔ سکھ ہیومن رائٹس گروپ کے مطابق مودی کی آمد پر کئی گروپ احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ مودی کا یہ دورہ بھارتی سرکار اور بیرون ملک آباد سکھوں کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک موقع ثابت ہو سکتا ہے۔ ہم نے نئی دہلی کو پہلے ہی 5 مطالبات بھیجے ہیں جن میں سکھوں کی بلیک لسٹوں کو ختم کرنا‘ سیاسی وجوہات پر گرفتار سکھ رہنمائوں کی رہائی اور بھارتی حکومت اور بیرون ملک آباد سکھوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز کا کہا گیا ہے۔ سرکاری عہدیداروں نے مودی کے دورہ برطانیہ کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے لندن میں بھارتی ہائی کمشن کے سامنے سکھ احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے تھے اور ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوگئی تھی۔ مودی کے دورے کے پہلے روز 12 نومبر کو سب سے زیادہ احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ کئی گروپوں کے اتحاد ’’آواز یوکے‘‘ نے اس دن کو احتجاج کا دن قرار دیا ہے۔
مودی کا دورہ برطانیہ‘ سکاٹ لینڈ یارڈ کا احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کا پلان
Nov 03, 2015