لاہور(خصوصی رپورٹر+ آن لائن+ سٹاف رپورٹر ) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اوراہم قومی امورپرعسکری وسیاسی قیادت ایک پیج پرہیں،دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کی بیخ کنی اولین ترجیح ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کورکمانڈر لاہور صادق علی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ، جس میں آپریشن ضرب عضب قومی ایکشن پلان ، صوبے میں امن وامان ، ملکی سلامتی کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔گورنر پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کورکمانڈر لاہور صادق علی نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں کامیابی عوام کی دعاؤں کاثمرہے،آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کمزور ہو گئے ہیں اب دہشت گرد غاروں میں چھپنے پر مجبور ہیں ملک کو امن کا گہوارہ بنانے تک دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن امان کی صورتحال کی بہتری کے لیے پنجاب حکومت کے تعاون سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔بعد ازاں لاہور کے دورے پر آئی ہوئیں بلوچستان وویمن یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے اور بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ضروری وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ وہاں کے محنتی لوگ پاکستان کی محبت سے مالا مال ہیں جو قومی ترقی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبے میں انسانی وسائل کی ترقی خصوصا طلباء و طالبات کا رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ بلوچستان کی طالبات اس حوالے سے کسی سے پیچھے نہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلوچستان میں گوادر پورٹ کی ترقی سمیت کئی میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جس سے وہاں ترقی کے ایک نئے دور کا آغا ز ہو گا۔ گورنرپنجاب نے بلوچستان میں تعلیم کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم نواز شریف سے ذاتی طور پر بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر طالبات نے یونیورسٹی کے مختلف پروگرامز خصوصاً تحقیق کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو بلوچستان یونیورسٹی خضدار میں آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر طالبات نے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔
ملک کو امن کا گہوارہ بنانے تک دہشتگردوں کے خلاف کاروائیا ں جاری رہیں گی : کور کمانڈر لاہور
Nov 03, 2015