نیب نے سابق سینیٹر ایاز مندوخیل کو بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کرلیا

Nov 03, 2015

اسلام آباد (این این آئی) نیب راولپنڈی نے سابق سینیٹر ایاز خان مندوخیل کو بدعنوانی کے الزامات پر کوئٹہ سے گرفتار کرلیا۔ نیب کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ملزم ایاز خان مندوخیل نے شریک ملزمان رانا غلام مرتضیٰ اور محمد اکرم فنانس سیکرٹری سینٹ سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اسلام آباد کے ساتھ ملی بھگت کر کے سوسائٹی کی قیمتی اراضی کو خریدی گئی قیمت کے برعکس نہایت کم قیمت پر فروخت/ منتقل کیا۔ ملزم ایاز خان مندوخیل نے 40 کنال رقبہ کا فائدہ اٹھایا جسے سینٹ سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی واقع گاگری اسلام آباد کی انتظامیہ نے سرکل رجسٹرار اسلام آباد کی پیشگی منظوری کے بغیر فروخت کر دیا اور سوسائٹی کو 4 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کا نقصان پہنچایا۔ ملزم کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کوئٹہ کے روبرو پیش کیا گیا جنہوں نے ملزم ایاز خان مندوخیل کو کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے عبوری ریمانڈ پر نیب راولپنڈی کی تحویل میں دیدیا۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے احتساب عدالت اسلام آباد کے روبرو پیش کیا جائیگا۔ صباح نیوز کے مطابق سنیٹر ایاز خان مندوخیل (ق) لیگ کی طرف سے سنیٹر منتخب ہوئے تھے۔

مزیدخبریں