لاہور (نامہ نگار) لاہور میں انتخاب جیتنے والا کونسلر ڈکیت نکلا۔ انتخابات کے دوران ساتھی سمیت گرفتار،پانچ لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق یونین کونسل 124 کے وارڈ نمبر 6 سے نو منتخب کونسلر نوید طاہر دو ماہ قبل ایکسائز ٹیم سے ڈکیتی کے دوران 16 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگیا تھا۔ وہ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ لینے میں کامیاب ہوگیا اور انتخابات میں 328 ووٹ لیکر کونسلر بھی بن گیا۔ ملزم نوید طاہر کو ایس پی کینٹ نے 28 اکتوبر کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ بتایا گیا ہے کہ نوید طاہر والٹن روڈ پر کئی موبائل فون شاپس بھی لوٹ چکا ہے۔ دوران انتخابات پولیس نے ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرکے اس سے پانچ لاکھ روپے اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے نومنتخب کونسلر نوید طاہر کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی ہے۔ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور پرویز ملک کا کہنا ہے کہ نوید طاہر کو پارٹی ٹکٹ ملنے کی انکوائری شروع کردی ہے۔ کرپٹ افراد کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ یو سی 124 سے نومنتخب کونسلر ڈکیتی کے الزام میں زیرحراست ہے۔