اسلام آباد + کراچی (آئی این پی) اسلام آباد میں جی الیون کے قریب نجی یونیورسٹی کی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جب کہ 30 طالبات زخمی ہو گئیں۔ کراچی میں یونیورسٹی بس الٹنے سے ایک شخص جاںبحق، 10 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور جی الیون کے قریب موٹر سائیکل سوار طالب علم کو کچلتے ہوئے ٹریفک سنگل پر لگے بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے بعد گرین بیلٹ پر چڑھ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق جب کہ یونیورسٹی کی 30 طالبات زخمی ہو گئیں جنہیں طبی امداد کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب کراچی کے ناردرن بائی پاس پر نجی یونیورسٹی کی بس الٹ گئی حادثے میں ایک شخص جاںبحق اور 10سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ہمدرد موڑ کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو عباسی شہیدہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثہ