اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشاہد اﷲ خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن آمد پر ایئرپورٹ لائونج میں منعقدہ غیر رسمی اجلاس میں شعر و شاعری کی زبان میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال بیان کی اور شرکاء کو محظوظ کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ کے لائونج میں جب غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا اور اس دوران نواز شریف نے تازہ ترین سیاسی صورتحال بارے پوچھا تو سب نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان کی طرف اشارہ کیا کہ یہ سنائیں گے۔ تو اس پر مشاہد اﷲ خان جو شعر و شاعری کے حوالے سے کافی مشہور ہیں انہوں نے ملکی تازہ ترین سیاسی صورتحال کو شعر و شاعری کی زبان میں انتہائی دلچسپ انداز سے پیش کیا جس سے شرکاء کافی محظوظ ہوئے۔