44 والاڈیزل 84 روپے لٹر ہوگیا :خورشید شاہ:پی پی دور میں لگے ٹیکسیز کے سوا نیا نہیں لگایا :احسن اقبال

Nov 03, 2017

اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیکسز کواکٹھا کر کے 31فیصد سیلز ٹیکس لیا جا رہا ہے، پاکستان میں تیل کی قیمتیں انڈیا اور بنگلہ دیش کی نسبت بڑھ رہی ہیں، ہم نے اپنے دور میں سیلز ٹیکس اور جگا ٹیکس کو بھی کم کر دیا تھا۔ پٹرولیم مصنوعات پر 20روپے 22روپے ٹیکس بن رہا ہے۔ آج تیل کی قیمت84روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ بھارت میں ڈیزل کی قیمت پاکستان کی نسبت کم ہے، حکومت ریونیو اکٹھا کرنے میں ناکام ہو گئی۔ لوگوں سے بالواسطہ ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ہے آگے اجلاس بعد میں چلائیں پہلے مجھے جواب چاہئے۔ ڈیزل44روپے فی لیٹر پڑرہا ہے اور84روپے میں بیچا جا رہا ہے، پٹرول کی قیمتوں سے متعلق کوئی جواب دینے کو تیار نہیں۔ جب تک جواب نہیں ملے گا کھڑا رہوں گا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ احمد نورانی پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ، پیپلز پارٹی کے دور میں لگائے ٹیکسز کے سوا کوئی ٹیکس نہیں لگایا ، ایشیاء میں پٹرولیم کی سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں۔ آج پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ حکومت نے تھرکول منصوبے کو سی پیک میں شامل کیا۔ این این آئی کے مطابق قومی اسمبلی میں کوئٹہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے 7پولیس اہلکاروں، کرم ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین، رکن قومی اسمبلی عبدلقہار و دان کی والدہ اور عفت لیاقت کے والد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 پشاور سے ضمنی انتخاب میں کامیاب تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب جان نے رکنیت کا علف اٹھا لیا۔

مزیدخبریں